Wednesday, December 31, 2025

یقین اور بے یقینی


ارشادات  ...  واقعات  ... تعلیمات  اور  طرز فکر


یقین اور بے یقینی 


  عظیمی صاحب فرماتے ہیں   ..."     یقین بھی ایک کیفیت ہے  ... بے یقینی بھی ایک کیفیت 

ہے اور کیفیت اطلاع میں معنی پہنانے کو کہتے ہیں  - 

حضرت ابراہیم علیہ السلام نے غور و فکر سے بتوں کی بےچارگی کا سراغ لگایا  - بتوں کی

 بے چارگی دیکھ کر انہوں نے  اپنے رب کی تلاش میں غور و فکر کرنا شروع کردیا  - ستارہ دیکھ کر

 کہا  ... یہ میرا رب ہے مگر جب وہ غروب ہوگیا تو کہا  ،  نہیں  ... غروب ہونے والی چیز میرا رب

 نہیں ہوسکتی  - 

چاند دیکھا تو کہا  ... گھٹتی بڑھتی شے میرا رب نہیں ہوسکتی  پھر سورج دیکھ کر فرمایا  ... ڈوب

 جانے والا میرا رب کیونکر  ہوسکتا ہے  یعنی اب ان کو لا متغیر کی تلاش ہوئی  - اس ذات سے

 دوری ہونا جو گھٹتی بڑھتی نہیں  ... بے یقینی ہے اور اس کا قرب ہی یقین ہے  - 

تقرب الٰہیہ یہ یقین عطا کرتا ہے کہ جو کچھ ہورہا ہے وہ سب اللّٰہ کی طرف سے ہے  - انسان کی

 ساری زندگی اللّٰہ تعالیٰ کے ساتھ وابستہ ہے  ،  جب انسان کو یہ بات سمجھ آجاتی ہے تو وہ پر یقین

 ہوجاتا ہے  - 

وسوسوں کا تعلق بے یقینی سے ہے اور وسوسہ سے بےیقینی   پیدا ہوتی ہے  ... بے یقینی نفرت کو

 جنم دیتی ہے اور نفرت انتقام   پیدا کرتی ہے  ... انتقام غصہ   پیدا کرتا ہے  اور غصہ کرنے سے

 جسمانی نظام میں ٹوٹ پھوٹ ہونا لازم ہے  - اس ٹوٹ پھوٹ سے دماغ متاثر ہوتا ہے اور 

انسان کا ہر قدم اندھیروں کی طرف اٹھتا ہے  - 

مزید فرمایا  ... وسوسہ  ،  شیطان کا عمل دخل ہے  ،  ذہن میں یقین ہے تو اندیشہ نہیں ہوگا  ،  اندیشہ

 نہیں ہوگا تو بے یقینی اور اس سے جڑے لازمی نتائج بھی نہیں ہوں گے  - یقین کا  پیٹرن جتنا

 ار  فع ہو گا خوف اور غم سے اسی قدر نجات ہوگی  - آپ جتنا اللّٰہ کے قریب ہوں گے اتنا ہی

 آپ پر یقین ہوں گے   "... BMMK




 

Tuesday, December 30, 2025

حقیقت اور فکشن


ارشادات  ...  واقعات  ... تعلیمات  اور  طرز فکر

 

حقیقت اور فکشن 


  خانوادہ سلسلہ عظیمیہ خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب فرماتے ہیں ..." 

حقیقت بدلتی نہیں  ،  اس میں تغیر نہیں ہوتا اور جس میں تغیر ہے وہ سب فکشن ہے  - فرمایا...

  اِنَّماَ  اَمرُہُ   اِذَآ   اَرَادَہ  شئیاً   .. یعنی جب اس کا امر کسی شے کا ارادہ کرتا ہے تو اس کو حکم دیتا ہے

  ... ہوجا  اور وہ ہوجاتی  ہے -

یعنی اللّٰہ کن نہیں کہتا  ،  اس کا امر کن کہتا ہے  ... یہاں اللّٰہ نے خود کو الگ کرلیا ہے  ،  یعنی تغیر 

ذات میں نہیں ہوتا  ... صفات میں ہوتا ہے  - صفات کا تغیر ہی رنگینی کائنات  کا سبب ہے اور

 یہ سب فکشن ہی تو ہے  "...  BMMK

Monday, December 29, 2025

شعور-1


ارشادات  ...  واقعات  ... تعلیمات  اور  طرز فکر


شعور 

 

 عظیمی صاحب فرماتے ہیں  ...  ایک آدمی جس کی عمر بیس سال ہے اس کی زندگی کا ہر لمحہ انسانی

 جسم سے تعلق اور دلچسپی کی داستان ہے  ،  جسم بیمار ہوتا ہے تو یہ محض ایک کیفیت کا اظہار

 ہے  ،  جسم تو محض ایک ذریعہ ہے کسی وجود کے اظہار کا  -  

جسم انسانی بے اختیار ہے  ... شعور اگر اطلاع فراہم نہ کرے تو جسم اس لاؤڈ اسپیکر کی طرح 

ہے جس پر کوئی تقریر نہ کی جارہی ہو - جسم کی بنیاد شعور ہے اور شعور کی بنیاد کہیں سے موصول

 ہونے والی اطلاع ہے  - 

جسم بعض اوقات اطلاعات سے بلند ہوجاتا ہے جیسے سونے کی حالت - اس جیتی جاگتی تصویر

 یعنی اس جسم کی اپنی کوئی ذاتی حیثیت نہیں ہے  - اس جسم کو کوئی ایجنسی متحرک رکھے ہوئے 

ہے اور اس ایجنسی کا نام شعور ہے  ... محض شعور ہی کی بنیاد پر زندگی کا تسلسل جاری ہے  -

 جب شعور عالم ناسوت کی زندگی سے عارضی طور پر رشتہ منقطع کرلیتا ہے اور دوسرے عالم میں

 منتقل ہوجاتا ہے  تو وہ اس مصدر اطلاعات کے قریب ہوجاتا ہے جو انسان کی اصل ہے اور 

اس عالم میں چونکہ کوئی تغیر نہیں ہے  ،  اس لئے وہ جو اطلاعات وصول کرتا ہے وہ براہ راست 

موصول کرتا ہے  -   BMMK






Sunday, December 28, 2025

خوشی - - 2


ارشادات  ...  واقعات  ... تعلیمات  اور  طرز فکر


خوشی  

 

 مرکزی مراقبہ ہال سرجانی ٹاؤن میں قلندر شعور کی کلاس میں لیکچر دیتے ہوئے عظیمی صاحب نے

 ارشاد فرمایا ..."    انسان خوشی کے بارے میں ان نابیناؤں جیسا وطیرہ رکھتا ہے جو ہاتھی سے

 واقف نہ تھے  اور اسے ٹٹول کر اس کے بارے میں اندازے لگا رہے تھے  - خوشی کیا ہے  ؟  

حقیقت یہ ہے کہ انسان خوشی سے واقف ہی نہیں  ،  خوشی تو جنت کی ایک کیفیت ہے جو بدلتی

 نہیں  ،  متغیر نہیں  ،  لا متغیر  و لا متبدل ہے  - تغیر میں خوشی نہیں ہوتی  - 

زندگی ایک کیفیت ہے اور کیفیت کے سوا کچھ نہیں جس میں ہر لحظہ تغیر واقع ہوتا ہے  ... اس

 کیفیت میں وہ عنصر جس میں تغیر واقع نہیں ہوتا  ... خوشی ہے  -

حضور قلندر بابا اولیاءؒ   کا فرمان ہے  ... انسان اگر شعوری کیفیات و واردات سے آزاد ہوکر بے 

کیف ہوجائے تو یہ اصل خوشی ہے  - 

اب یہ کیسے ممکن ہے  ؟   یہ اس طرح ممکن ہے کہ ہمارے لئے ہمارا جسم اہم ہے - ہم زندگی کو

 جسم سے منسلک سمجھتے ہیں   ... لاشعور ہمیں ہمارے جسم کے بارے میں اطلاع فراہم کرتا ہے

 اور یہی اطلاع شعور ہے  - خوشی اور غم  ،  کسی چیز سے ہماری   Attachment  کی مناسبت 

سے ہوتا ہے  - 

آپ کسی کو اپنی مرضی سے پانچ ہزار روپے دے دیں  ،  آپ کو دکھ نہیں ہوتا بلکہ بعض اوقات

 خوشی ہوتی ہے لیکن اگر آپ سے پانچ سو روپے کھو جائیں تو وہ بھول کر نہیں دیتے  ،  یعنی آپ

 نے پانچ سو روپے سے اپنا تعلق شعوری طور پر ختم نہیں کیا  اس لئے دکھ ہوا  "...   BMMK





Friday, December 26, 2025

مذہب


ارشادات  ...  واقعات  ... تعلیمات  اور  طرز فکر


مذ ہب 

 

  خانوادہ  سلسلۂ عظیمیہ جناب خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب  مذہب کے موضوع پر تبصرہ

 کرتے ہوئے فرماتے ہیں  ...  ہر مذہب شخصیت پرستی ہی کا آئینہ دار ہے  ،  لوگ شخصیت سے

 لگاؤ ہی کے سبب نظریات کو اپناتے اور لے کر اٹھتے ہیں  -  قر ة العین طاہرہ کے بارے میں

 بتایا کہ  کس طرح اس نے بہاء اللّٰہ سے ایک ہی ملاقات کے بعد اپنے   پیر و مرشد کے لئے ان

 کے نام سے ایک علحیدہ مذہب  ' بہائی مذہب  ' کی بنیاد رکھی  -  

وہ انتہائی حسین و جمیل اور قابل تھی  ،  ایسی شعلہ بیان مقررہ  ،  خطیب اور شاعرہ تھی کہ اس 

نے ایران کے طول و عرض میں آگ لگادی - اس مذہب کے تمام اصول و ضوابط اسی کے

 مرتب کردہ ہیں - 

اس مذہب میں عبادات زیادہ نہیں ہیں  ... وہ دعاؤں پر ہی زیادہ زور دیتے ہیں  ،  ان کی عبادت

 گاہیں کھلی اور کشادہ ہوتی ہیں  ،  عام طور پر سمندر کنارے یا کسی پہاڑی مقام پر بناتے ہیں  - 

امریکہ نے نیو ورلڈ آرڈر کے تحت پوری دنیا کے لئے جس مذہب کا انتخاب کیا ہے وہ بہائی مذہب ہی ہے  - 

اسی طرح چین میں ایک نبی گزرے ہیں لیو شاؤ چی  - جب انہیں کوئی بندہ نہ ملا تو انہوں نے

 ہجرت کی ٹھانی اور گدھے پر سامان لاد چل دیئے - شہر سے باہر چونگی والے نے ان سے

 دریافت کیا ...  تو بتایا کہ یہاں کوئی میری بات ہی نہیں سنتا لہٰذا میں ہجرت کررہا ہوں -

 اس چونگی والے نے کہا اگر میں آپ کی بات سنوں تو کیا آپ میرے پاس ٹھہرنا پسند فرمائیں

 گے - فرمایا  ... لیو شاؤ چی کا مذہب اور ان کی تعلیمات اسی ایک چونگی والے کی بدولت باقی ہیں -     BMMK





شکر


ارشادات  ...  واقعات  ... تعلیمات  اور  طرز فکر


شکر 


  شکر کی تعریف کرتے ہوئے عظیمی صاحب ارشاد فرماتے ہیں  ..."  اللّٰہ کی دی ہوئی نعمت کو 

استعمال کرنا  ... شکر ہے  -  منہ سے شکر ہے کہنا یا شکر الحمد للّٰہ  کہتے رہنا اور عطا کی گئی نعمت  ،

  خواہ وہ کوئی چیز ہو یا صلاحیت  ... اس کو استعمال نہ کرنا  ،  اس کو ضا ئع   کرنا  ،  شکر کرنے کا حق

 ادا ...  نہ کرنا ہی ہوا   "...   BMMK

Thursday, December 25, 2025

بارہ کھرب خلیات


ارشادات  ...  واقعات  ... تعلیمات  اور  طرز فکر


 بارہ کھرب خلیات


  حضرت عظیمی صاحب فرماتے ہیں   ... انسان میں بارہ کھرب خلیات ہوتے ہیں  ... جن میں سے

 دو کھرب صرف ذہن سے متعلق ہوتے ہیں  - ایک عام آدمی میں ان میں سے ڈیڑھ دو سو سیلز

 ہی چارج ہوتے ہیں   ،  جینئیس  ( نابغہ ) لوگوں میں یہ تعداد سوا دو سو تک ہوجاتی ہے  ... روحانی

 لوگوں میں یہ تعداد کروڑوں اربوں میں ہوتی ہے  -

 صرف ایک ہستی سیدنا حضورعلیہ الصلوٰة والسلام  کی ذات اقدس کے تمام سیل چارج تھے -


عظیمی صاحب سے سوال کیا گیا کہ ان سیلز یا خلیات کو زیادہ سے زیادہ چارج کرنے کی ترکیب کیا ہے  ؟  

فرمایا  ... ان کاموں سے بچیں جن سے سیل ڈسچارج ہوتے ہیں  - غصہ اور شک ان روشنیوں 

کو ضائع  کردیتے ہیں جن سے سیل چارج ہوتے ہیں  - کبر اور خواہش اقتدار غصہ کی بنیادی وجوہ

 ہیں  ... برسوں کی ریاضت ایک بار غصہ کرنے سے ضائع   ہوجاتی ہے  -جب غصہ آتا ہے تو آدمی

 کے اندر سے اللّٰہ نکل جاتا ہے شیطان داخل ہوجاتا  ہے - 

زیادہ سونے سے بھی یہ سیل چارج نہیں ہوتے  ،  اسی لئے کہتے ہیں ڈھائی پونے تین گھنٹے سے

 زیادہ سونے والا مومن ہو ہی نہیں سکتا  - BMMK






Tuesday, December 23, 2025

قرض


ارشادات  ...  واقعات  ... تعلیمات  اور  طرز فکر


قرض  


  ڈاکٹر مقصود الحسن عظیمی صاحب اپنے مرشد کریم حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب 

سے اپنی ایک ملاقات کا حال بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں  ...  کراچی مراقبہ ہال میں مسجد کی تعمیر 

تکمیل کے مراحل میں داخل ہوچکی تھی  ،  ساتھ میں مراقبہ ہال کی عمارت کی تعمیر بھی آغاز ہوچکی

 تھی  - میں نے مبارک باد  دی کہ تعمیر کا کام ماشاء اللّٰه تیزی سے ہورہا ہے -  

عظیمی صاحب نے فرمایا  ... آپ نے دیکھا  ،  اللّٰه نے کرم کیا کام ہورہا ہے  ... قرض لینا پڑ گیا

 ہے - میں نے اپنے تجربات کی روشنی میں ازراہ تبصرہ کہا  ... واقعی قرضہ کا بوجھ بہت ہوتا ہے  - 

ایک جھٹکے سے فرمایا  ... اجی بوجھ ھوگا تو اللّٰه پر  ،  مجھ پر کاہے کا بوجھ  ؟   اس کا کام ہے  ،  وہ 

جانے قرضہ جانے  ،  بھئی ہمیں کام دیا  ،  وسائل دیئے  ،  جب کام مکمل ہوجائے گا تو لوگ کہیں

 گے عظیمی صاحب نے کیا  ... کرتا اللّٰہ ہے نام بندے کا کردیتا ہے  ،  بھئی وسائل اللّٰہ ہی دیتا

 ہے  - حضورعلیہ الصلوٰة والسلام  تک نے ادھار لیا  ،  اپنے لئے نہیں لیا  ،  اللّٰہ کے کسی کام کے

 لئے لیا   ،  اللّٰہ نے اسے چکا دیا   ... اب جیسے بھی وہ چاہے - 

پھر نرمی اور    پیار بھرے لہجے میں قرض کے حوالے سے بتایا کہ اللّٰہ نہ اپنے ذمے کبھی کوئی قرض

 چھوڑتا ہے نہ فقیر کے  ،  نہ اچھا نہ برا  ،  ایک پورا نظام قائم ہے اس کے لئے  - اللّٰہ کے بندے

 بھی اسی ذیل میں آتے ہیں  - اللّٰہ ان کے ذمے بھی کبھی کوئی قرض نہیں چھوڑتا   ،  نہ اچھا نہ برا

  لیکن ہم اللّٰہ پر چھوڑیں تو سہی  ... ہم اللّٰہ پر چھوڑتے نہیں تو وہ بھی کہہ دیتا ہے  ... چلو ٹھیک

 ہے جیسے تم راضی  -

یہ بات بھی فرمائی کہ قرض لینا نہیں چاہیئے  ،  اس سے یقین متاثر ہوتا ہے لیکن یہ گھر کا سودا سلف

 وقتی طور پر ادھار آنا قرض کی تعریف میں نہیں آتا  - BMMK






Monday, December 22, 2025

راہ حق


ارشادات  ...  واقعات  ... تعلیمات  اور  طرز فکر


 راہ حق 


  اپنے والد صاحب کے متعلق بات کرتے ہوئے ایک موقع پر عظیمی صاحب نے فرمایا ... 

 ... جب میں نے حضور قلندر بابا اولیاء سے تعلق جوڑا تو یوں لگتا تھا کہ سب ہی مخالف

 ہوگئے ہیں  -  میرے والد صاحب نماز روزے کی پابندی میں بہت سختی فرماتے تھے   ... اس 

لئے سبھی سمجھتے تھے کہ وہ بہت زیادہ مخالفت کریں گے  لیکن انہوں نے اگر حمایت نہیں کی تو

 مخالفت بھی نہیں فرمائی بلکہ اپنے  پاس بٹھا کر ایک دو ذاتی  واقعات سنا کر سمجھایا کہ.. اب جب

 تم نے اس راہ پر چلنے کا قصد کرہی لیا ہے تو پھر دو باتوں کو پلے سے باندھ لو - 

اس راہ میں جو بھی مشکلات آ ئیں  ان سے گھبرانا نہیں اور دل نہیں ہارنا ورنہ ساری محنت

 اکارت چلی جائے گی اور دوسری بات یہ فرمائی کہ کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ اپنے مرشد کی

 بات کبھی نہیں ٹالنا  ،  جو وہ کہیں جس قدر بھی ممکن ہو اس پہ بلا چوں و چرا عمل کرنا -

فرمایا  ... میرے والد صاحب حضرت مولانا خلیل احمد سہارنپوریؒ سے بیعت تھے - جب ان

 کے مرشد کریم نے شفقت فرمائی تو ان کی کیفیات بننے لگیں لیکن ساتھ میں یہ ہوا کہ ان کو غصہ

 بہت آنے لگا - وہ بات بے بات اکھڑ جاتے  ،  باہر بس نہ چلتا تو گھر میں تند و درشت لہجے میں

 بات کرتے - 

ہماری والدہ نے ابا کی شکایت کردی  ... دادا جان نے انہیں دو ایک بار تنبیہہ فرمائی   ،  انہوں نے

 کوشش کی لیکن قابو کھودیتے  نتیجتاً والدہ نے شکایت جاری رکھی تو ایک روز پاس بٹھا کر ان کی

 پشت پر ہاتھ پھیرا اور سب کیفیت سلب کرلی - 

والد صاحب کی اس بات سے سچی بات ہے مجھے حوصلہ ہوا اور تقویت ملی  - ماں باپ کو چاہیئے 

کہ وہ اپنی منوائیں لیکن جب دیکھیں کہ بچہ اب اس قابل ہوگیا ہے کہ وہ اپنے برے بھلے کو 

سمجھنے لگا ہے تو پھر اس کو سپورٹ کریں  ... اس طرز عمل سے اولاد باغی نہیں ہوتی - 

ماں باپ سمجھدار ہوں تو وہ اپنے بچوں کو خود اپنے   پیروں  پہ کھڑا ہونے میں مدد دیتے ہیں تاکہ وہ

 اپنے فیصلے خود کرسکیں     "...BMMK






Sunday, December 21, 2025

مرشد


ارشادات  ...  واقعات  ... تعلیمات  اور  طرز فکر 


مرشد 


عظیمی صاحب ارشاد فرماتے ہیں  ... مرشد کو مافوق الفطرت انسان نہیں سمجھنا چاہئیے  ،  وہ بھی

 ایک عام انسان ہی ہوتا ہے   ،  جو کھاتا ہے  ،  پیتا ہے  ... رفع حاجت کرتا ہے   ،  اونگھتا اور سوتا

 ہے  - یہ سمجھنا کہ وہ ہر وقت دوربین لگائے مریدوں کو دیکھتا رہتا ہے   ،  درست نہیں  - BMMK

Sunday, August 17, 2025

آواز



ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 



آواز 


 تیز بلند آوازوں اور شور شرابہ کے متعلق بات کرتے ہوئے عظیمی صاحب فرماتے ہیں   ..." اچانک دھماکے  ... پٹاخے یا تیز ہارن کی آواز سے بندہ اچھل پڑتا ہے  .. ایسی آواز تو

 سینکڑوں نہیں ہزاروں کلوریز   , یک دم ہی کھا جاتی ہے -

ایٹمی دھماکے کی حرارت سے اتنے لوگ نہیں مرتے جتنے اس کی آواز اور تابکاری کی لہروں سے

 -فرمایا  ... ہر کام میں توانائی خرچ ہوتی ہے  .. دیکھنے  ،  سننے  ،  بات کرنے میں بھی  ... جب ہم کسی

 چیز کو دیکھتے ہیں اور دماغ اس کو معانی پہنا دے تو وہ چیز  دیکھنے میں ایک  کلوری انرجی خرچ

 ہوگئی   ... اسی طرح جب آپ کوئی آواز سنتے ہیں اور ذہن اس کو معانی پہناتا ہے تو ایک کلوری

 انرجی خرچ ہوتی ہے -

اس لئے ایسی جگہوں پر رہنے والے زیادہ تھکتے ہیں جہاں چیزیں بےترتیب ہوں  ... بہت سی

 ہوں اور شور ہو  ... اسی لئے تو فقیر شور سے دور جنگلوں میں نکل جاتے تھے اور کم از کم اشیاء

 ہمراہ رکھتے تھے   "...BMMK

Wednesday, August 13, 2025

عالم اعراف -- 4



ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 


عالم اعراف 

 

خانوادہ سلسلہ عظیمیہ حضرت عظیمی صاحب فرماتے ہیں  ..."   یہاں کی زندگی تو اصل زندگی کی

 تیاری ہے جو مرنے کے بعد شروع ہوگی   .... یہاں جو انرجی ملی ہے وہ محدود ہے  ،  آپ کتنا زندہ

 رہ لیں گے  ،  ستر سال  ،  اسی سال یا سو سال  ... اگر وہاں کوئی مصروفیت نہ مل سکی تو وہ زندگی

 جو لامتناہی ہے  ،  اس کو گزارنا عذاب ہی ہوجائے گا -

پوچھا گیا کہ وہاں مصروفیت ملنے سے کیا مراد ہے  ؟ 

فرمایا  ... کوئی بھی کام جو دوسروں کے لئے کیا جاسکے  ... بھلے چپراسی کی پوسٹ ہی کیوں نہ ملے ،  لے لینی چاہئیے    "...BMMK

سلسلہ عظیمیہ


ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 


سلسلہ عظیمیہ

 
سلسلہ عظیمیہ کے بارے  میں بات کرتے ہوئے عظیمی صاحب   فرماتے ہیں  .... 
..." سلسلہ عظیمیہ میں سکون  بہت ہے - اس سلسلے کو یہ سعادت بھی حاصل ہے کہ حضور صلّ الله علیہ وسلّم اس سلسلے کے معاملات کی براہ راست نگرانی فرماتے ہیں - فرمایا .. کبھی کوئی سچا عظیمی بے گھر نہیں رہ سکتا ، بھوکا نہیں رہ سکتا ، اس کے باپ کے پاس علوم کے خزانے بھرے ہوئے ہیں

 - ایک اور موقع پر فرمایا .. روحانی سلاسل میں اس وقت عظیمیہ سلسلہ سب سے اوپر آگیا ہے اور اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ سلسلے کی تعلیمات لٹریچر کی صورت میں .. سائنٹفک انداز میں .. آج کے ترقی یافتہ شعور کو سامنے رکھتے ہوئے پیش کی جارہی ہیں -

مزید ارشاد فرمایا ... سلسلہ ایک زنجیر کی مانند ہوتا ہے اس کی ہر کڑی دوسری کڑی سے ملنے کے سبب اتنی مضبوط ہوجاتی ہے کہ اگر ہاتھی کو باندھ دیں تو وہ ہل نہیں سکتا - سلسلہ ایک کارواں کی مانند ہوتا ہے ، اس میں نائی ، موچی ، لوہار ، ترکھان ہر طرح کے افراد کا ہونا ضروری ہے - آپ موچی کو نکال دیں تو سارا قافلہ ہی ننگے پاؤں ہوجائے گا - ہر آدمی کی اپنی اہمیت ہوتی ہے -

ڈاکٹر مقصود الحسن صاحب سے بات کرتے ہوئے عظیمی صاحب نے بتایا ... ہماری بیعت کی شرائط میں یہ بات شامل تھی کہ کسی کے اندر جھانکیں گے نہیں ، اسلحہ نہیں رکھیں گے ، اپنے نام پر زمین نہیں لیں گے ، سودی پیسوں سے کاروبار نہیں کریں گے ، کسی کو جانی نقصان نہیں پہنچائیں گے ، اولاد کو نوکری نہیں کروائیں گے -

  ڈاکٹر صاحب نے دریافت کیا .. آپ نے ہم پر تو ایسی کوئی شرط عائد نہیں کی ؟ 

 فرمایا .. یہ شرائط صرف میرے لئے ہیں - آپ کے لئے سلسلے کے قواعد و ضوابط ہیں نا .. وہی آپ کی بیعت کی شرائط ہیں -ہمیں دیگر سلاسل میں بھی تو بیعت کیا گیا تھا ، شکر ہے کہ ابھی تک ان شرائط پر پورا اترا ہوں -

فرمایا .. میری تجویز ہے  کہ سلسلے کے حوالے سے آئندہ پچاس سال کی پلاننگ کردی جائے -اس میں دس دس سال کے پانچ دور ہوں اور ہر دور پانچ پانچ سال کے دو حصّوں پر مشتمل ہو - ایک وقت میں صرف ایک حصّے کے پلان کو نافذ کیا جائے -جب وہ پورا ہوجائے تو دوسرے حصے کو لے کر اسے نافذ کیا جائے -جب تک ایک حصّہ پوری طرح نافذ نہ ہوجائے اس وقت تک دوسرے حصے کو محفوظ رہنے دیا جائے -"...BMMK

Tuesday, August 12, 2025

چتھے چتھائے


ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 


 چتھے چتھائے


ایک موقع پر خواجہ صاحب نے فرمایا ... 
..."  تلسی داس کہہ  گئے ہیں ، مور کے پنکھ چتھے چتھائے ہوتے ہیں , یعنی مور کے پروں پر
 ان کے اگنے کے بعد ٹھپا نہیں لگایا جاتا بلکہ ان کے رنگ اور ڈیزائن مور کے خون میں لہروں کی شکل میں شروع سے ہی گردش کرتے ہیں -

 پر کی ایک ہڈی سی اگتی ہے .. جب خون گردش کرتا ہوا اس میں داخل ہوتا ہے تو رنگوں کی لہروں کا تانا بانا پروں پر اپنے مخصوص پیٹرن میں  ظاہر ہونے لگتا ہے    "...BMMK

بیس ہزار فرشتے



ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 



 بیس ہزار فرشتے


عظیمی صاحب فرماتے ہیں  ...
... الله تعالیٰ نے ہر آدمی کے Disposal پر بیس ہزار فرشتے مقرر کر رکھے ہیں - اب جیسے کسی نالائق افسر کے ماتحت بے کار رہنے کے عادی ہوجاتے ہیں اس طرح جو لوگ اپنے فرشتوں سے کام لینا نہیں جانتے وہ ان کو بھی بے کار کردیتے ہیں - 
 جو لوگ اپنے فرشتوں سے واقف نہیں وہ کتنے بھی بڑے ہوجائیں ، دنیا میں کتنے ہی بڑے نظر آئیں ، درحقیقت اتنے بڑے نہیں ہوتے  - اصل میں تو یہ بہت چھوٹے لوگ ہوتے ہیں - 
سیاسی لوگ تو خاص طور پر بڑے پن سے خالی ہی دیکھے ہیں - بڑے لوگ اول تو سیاست میں  آتے نہیں اور اگر کبھی آنا بھی چاہیں تو کامیاب نہیں ہوسکتے   "...BMMK

Sunday, August 10, 2025

کسان

 



ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر


کسان  



عظیمی صاحب ارشاد فرماتے ہیں  ..."  سلسلے میں آنے والے لوگ مختلف زمینوں کی مانند ہوتے ہیں  ... کسان زمین کے مختلف ٹکڑوں پر توجہ کرتا ہے  ... جھاڑ جھنکاڑ صاف کرتا ہے  ... ہل چلا کر بیج بوتا ہے انہیں پانی دیتا ہے -
جہاں کی زمین اچھی ہوتی ہے وہاں زیادہ اچھی فصل ہوتی ہے اور جو زمین کمزور ہوتی ہے وہاں کی فصل اتنی اچھی نہیں ہوتی لیکن کسان اس زمین کو چھوڑ نہیں دیتا  ... اپنی کوشش میں لگا رہتا ہے -
فقیر بھی بہت سے افراد اکھٹا کرتا ہے  ... ان میں سے کچھ کو چھانٹ کر ان کی تربیت کرتا ہے ،  گھاس پھونس الگ کرتا ہے  ،  پنیری تیار کرتا ہے  ،  کام کے پودوں کو مناسب جگہ لگاتا ہے  ،  ان کی دیکھ بھال کرتا ہے -
یہ بھی فرمایا کہ جو بندہ زیادہ آدمی جمع کرلیتا ہے اس کو ان میں سے انتخاب کرنا اتنا ہی دوبھر ہوجاتا ہے - پھر مثال دی کہ ایک آدمی کے پاس دس گھوڑے ہوں اور اس کو ان میں سے ایک اچھے گھوڑے کا انتخاب کرنا ہو تو  ... وہ اتنا مشکل نہیں ہوتا جتنا سو گھوڑوں میں سے ایک اچھے گھوڑے کا انتخاب کرنا دشوار ہوتا ہے   "...BMMK

غصہ

 


ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر


ُغصّہ


انسانوں کی ایک بڑی کمزوری غصہ کے متعلق بات کرتے ہوئے عظیمی صاحب نے   فرمایا  
 ... غصہ کی بابت قریشی صاحب نے ایک عجیب بات کہی کہ جس زمین پر آگ جلتی ہے وہاں کبھی کچھ نہیں اگتا -
  پھر فرمایا ... غصہ بھی تو ایک آگ ہی ہے  ... جس ذہن میں غصہ آجائے وہاں روحانیت داخل نہیں ہوسکتی - 
غصہ کرنے سے منع کرنے میں ایک حکمت یہ بھی ہے  .... اس سے دوسروں کی دل شکنی اور دل آزاری ہوتی ہے -    
فرمایا ... غصہ کا اصل سبب کبر ہے -آپ خود کو بڑا سمجھیں گے تو لامحالہ دوسروں پر غصہ آئے گا
 ... آپ دوسروں سے توقع رکھیں گے ،  آپ کو غصہ آئے گا -
مزید فرمایا ... آپ گھر سے باہر اس لئے غصہ قابو کرلیتے ہیں کہ وہاں منہ توڑ جواب ملنے کی توقع ہوتی ہے -بھئی آخر وہاں بھی تو کنٹرول کرتے ہی ہیں نا تو پھر گھر میں کیوں نہیں کرتے ؟  یہ تو غلط ہی ہوا نا -دراصل یہ سب اپنی ملکیت سمجھنے کے سبب ہوتا ہے - بیوی خاوند کو اور خاوند بیوی کو اپنی ملکیت سمجھتا ہے اس لئے دونوں ایک دوسرے پر غصہ کرنا جائز سمجھتے ہیں -


ابا جی   "...✦   BMMK

مرتبہء احسان

 



ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر


مرتبہء احسان 



ایک موقع پر مرتبہء احسان کی کیفیت کو بیان کرتے ہوئے عظیمی صاحب نے فرمایا  ... ..."  ہماری روح نے ازل میں الله کو دیکھا ہے اور روح اللہ کو اب بھی دیکھ سکتی ہے -مادی آنکھ کی اتنی مجال کہاں کہ وہ اللہ کو پاسکے  ... لیکن الله کے لئے یہ امر کچھ بھی مشکل نہیں کہ وہ خود کو روح کی آنکھ پر آشکار کردے -
بندہ خواہش تو کرے لیکن ہم تو یہ خواہش ہی نہیں رکھتے  ... حالانکہ کہنے کو ہم کہتے ہیں ہمیں اللہ سے ملنا ہے لیکن ہم اس کا یقین نہیں رکھتے  - اگر ہم خود میں یہ یقین   پیدا کرلیں  کہ ہم الله کو دیکھ سکتے ہیں تو اللہ کے لئے یہ کچھ مشکل نہیں کہ وہ خود کو نہ دکھا سکے   "...BMMK

Saturday, August 9, 2025

یاحی یاقیوم




                                   ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر


     یا حُی    یا قیُوم 


ایک موقع پر عظیمی صاحب سے سوال کیا گیا کہ  ... یا حی  یا قیوم  کا کیا مطلب ہے  ؟ 

فرمایا    ..."     اے زندہ   اے قائم  ... رکھ ہمیں زندہ اور قائم  ... یعنی زندگی کو پکارنے سے اللہ کی صفت حیات متوجہ ہوتی ہے  .... زندگی کو قائم رکھنے کے لئے وسائل کی ضرورت ہوتی ہے لہٰذا وسائل فراہم کرنے والا - 
روحانیت کے کوئی دو سو سلاسل ہیں اور ان سب میں یا حی  یا قیوم کسی نہ کسی طور رائج ہے اور یہ حضور قلندر بابا اولیاء  کا فیض ہے کہ انہوں نے اس کے ورد کو عام فرمادیا ہے     "...BMMK

Friday, August 8, 2025

طرز فکر-1




ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 



طرز فکر 

 


حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب فرماتے ہیں  ... 

..."  اگر کسی کو رازدار بنانا ہی ہو تو پیر و مرشد کو بنانا چاہئیے  ... جب راہ سلوک کے مسافر کو 

مشاہدات ہوتے ہیں تو وہ کسی نہ کسی کو اپنا حال بتانا چاہتا ہے  ... یہی وہ مقام ہے جس کے لئے

 مرشد کا ہونا ضروری ہوتا ہے -

فرمایا  ... مرشد کی باتوں کو ڈائری میں لکھ لینا چاہئیے  .. اس سے طرز فکر منتقل ہونے میں آسانی

 ہوجاتی ہے  ،  ساٹھ فیصد طرز فکر تو اسی طرح منتقل ہوجاتی ہے  ... خود میرے پاس کتنی ہی ڈائریاں بھری پڑی ہیں    "...✦   BMMK

Thursday, August 7, 2025

دائرہ اور مثلث



ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر



دائرہ اور مثلث 


 دائرے اور مثلث کی روحانی توجیہہ بیان کرتے ہوئے خواجہ صاحب فرماتے ہیں ..."    دائرے سے مراد وہ حرکت ہے جو لگاتار اور مسلسل جاری رہتی ہے اور مثلث سے مراد وہ حرکت ہے جو کچھ فاصلہ طے کرنے کے بعد اپنا رخ بدلتی ہے - 
واہمہ سے خیال ، خیال سے تصور اور پھر احساس اور مادی وجود .. یہ سب مثلث کی حرکات ہیں جن میں رخ کی تبدیلی سے زاویے پیدا ہوتے ہیں -
آپ دائرے کو کاٹیں تو مثلث حاصل ہوتی ہے - فرشتے اور جنّات دائرے کی مخلوق ہیں اور انسان مثلث کی - 
مثلث  Dimensions یعنی ابعاد اور حدود کا نام ہے - انسان مثلث کی وجہ سے زیادہ سکت رکھتا ہے - اس لئے جب وہ دائرے میں داخل ہوتا ہے تو وہ سب دائروں سے آگے نکل جاتا ہے    "...BMMK

Wednesday, August 6, 2025

خشیت الہی

 



ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر



 خشیت الہی 




عظیمی صاحب فرماتے ہیں   ...  یہاں تو سبھی کچھ الٹا ہے  ... اور تو اور لوگ الله سے ڈر اور خوف محسوس کرتے ہیں - بھئی جب آپ اس سے ڈر اور خوف محسوس کریں گے تو آپ اس کی طرف کیسے بڑھیں گے   -

اس موقع پر ایک صاحب نے کہا کہ ... پھر خشیت الہی کا کیا مطلب ہوا  ؟ 

عظیمی صاحب نے کہا کہ  ... آپ قرآن پر تفکر کرنے کے لئے ایک موضوع کی تمام آیات کو اکھٹا کرکے ان پر غور کریں  .. اگر خشیت الہی کا مطلب ڈر اور خوف مان لیا جائے  تو قران کی پوری تعلیمات ہی کی نفی ہوجائے گی -

ڈاکٹر صاحب نے اپنا خیال پیش کیا جس کی تصدیق عظیمی صاحب نے فرمائی   کہ ... الله کی موجودگی کو محسوس کرنا ہی  خشیت ہے اور آیت کا اصل مفہوم یہ ہوا کہ  ان لوگوں کو بشارت ہو جو رحمٰن کی موجودگی کو بن دیکھے محسوس کرتے ہیں -BMMK

Tuesday, August 5, 2025

سچا عظیمی




 

ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر


سچا عظیمی  


کراچی میں منعقدہ پہلی روحانی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عظیمی صاحب نے ارشاد فرمایا    ...سلسلہ عظیمیہ میں سکون  بہت ہے -  اس سلسلے کو یہ سعادت حاصل ہے کہ
حضور صلّ الله علیہ وسلّم اس سلسلے کے معاملات کی براہ راست نگرانی فرماتے ہیں -

فرمایا  ... کبھی کوئی سچا عظیمی بے گھر نہیں رہ سکتا  ... بھوکا نہیں رہ سکتا  ... اس کے باپ کے پاس علوم کے خزانے بھرے ہوئے ہیں   "...

Monday, August 4, 2025

خالص بندے





ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 



خالص   بندے 


مرکزی مراقبہ ہال  سرجانی ٹاؤن  کراچی کے قیام  کے ابتدائی  سالوں  کا تذکرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر صاحب تحریر کرتے ہیں ... 

ایک روز جب وہ مراقبہ ہال پہنچے تو معلوم ہوا کہ  اس سال حضور قلندر بابا اولیاء کے عرس کی تقریبات سے ایک روز قبل روحانی کانفرنس کی تقریب رکھی گئی ہے -

بابا صاحب کے سالانہ عرس مبارک پر شرکت کے لئے زائرین کے ساتھ ساتھ مندوبین کو روحانی کانفرنس میں شرکت کے لئے مدعو کیا جائے گا -

آنے والے زائرین کی بابت عظیمی صاحب نے فرمایا ہے کہ وہ سب حضور  قلندر بابا اولیاء کے مہمان ہوں گے -

کانفرنس کی تیاریاں شروع ہوئیں تو ادھر کراچی میں  26   جنوری کو ہڑتال کا اعلان ہوگیا - 

اس موقع پر عظیمی صاحب نے ارشاد فرمایا     .... 

..." الله کے لئے یہ بالکل بھی مشکل نہیں کہ  وہ کانفرنس کے لئے پورے شہر کو بھیج دے  ... لیکن ہم انہیں بٹھائیں گے کہاں  ؟  

ہمارے پاس اتنے لوگوں کا انتظام ابھی نہیں ہے اور پھر یہ بھی تو ہے کہ ہمیں صرف وہ لوگ چاہئیں جو اپنے اندر الله کے بارے میں خلوص رکھتے ہوں -

 اگر کوئی ہڑتال کے خوف سے یا کسی اور نقصان کے ڈر سے الله کے لئے وقت نہیں دے سکتا تو ہمیں اس سے کیا لینا  ؟ 

وہ اول تو ہماری بات سنے گا نہیں اور اگر اس نے سن بھی لی تو سمجھے گا نہیں  ... لوگ تو صرف اپنے مطلب کی بات سننا چاہتے ہیں -  ہمیں تو ایسے لوگ چاہئیں جو خالص ہوکر آئیں  "...✦ 

BMMK

نظریہ رنگ و نور

 

ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 


نظریہ رنگ و نور 


ڈاکٹر مقصود الحسن عظیمی صاحب بیان کرتے ہیں کہ ایک بار مرشد کریم حضور خواجہ صاحب سے
نظریہ رنگ و نور کے حوالے سے بات کی تو     فرمایا ..."    روحانی علوم کے تین شعبے ہوتے ہیں 
.. اجمال ، تفصیل اور اسرار - اجمال خلاصہ کو کہتے ہیں آپ اسے کتاب کے دیباچے سے تشبیہ دے سکتے ہیں -         تفصیل .. کتاب کا پورا متن ہوا اور اسرار .. کتاب کا مفہوم ہوا -

 اجمال کے معلمین گروہ جبرائیل جیسے مقرب فرشتے ہیں - تفصیل حضور صلّ الله علیہ وسلّم خود پڑھاتے ہیں اور اسرار الله تعالیٰ - اجمال خلاصہ ہے اور        تفصیل اور اسرار تعلیمات ہیں - 

علم لدنی میں الله تعالیٰ جس بندے کو خود ہی منتخب کرکے اسے جو چاہیں تعلیم کردیں -  نظریہ رنگ و نور روحانی علوم کا خلاصہ نہیں ہے .. یہ خلاصے اور تفصیل کے بین بین ہے -

قلندر بابا اولیاؒء نے اسرار کو مغیبات اکوان کا نام دیا ہے ، یعنی غیب کے سسٹم کا خلاصہ .. سمری ہوا ، تفصیل Details  کو کہہ لیں تو اسرار کسی سسٹم کے پیچھے کام کرنے والی مقصدیت ہی قرار پاتی ہے -

حضور قلندر بابا اولیاؒء نے مجھ سے کہا تھا کہ آپ کی تعلیمات ساٹھ سال کی عمر میں شروع ہوں گی -حضور قلندر بابا اولیاؒء کی اپنی تعلیمات ساڑھے تین سال میں مکمل ہوگئی تھیں "...BMMK