Monday, November 25, 2013

نظریہ رنگ و نور1




ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 


نظریہ رنگ و نور 


ڈاکٹر مقصود الحسن عظیمی صاحب بیان کرتے ہیں کہ ایک بار مرشد کریم حضور خواجہ صاحب سے نظریہ رنگ و نور کے حوالے سے بات کی تو     فرمایا ..." روحانی علوم کے تین شعبے ہوتے ہیں .. اجمال ، تفصیل اور اسرار - اجمال خلاصہ کو کہتے ہیں آپ اسے کتاب کے دیباچے سے تشبیہ دے سکتے ہیں - تفصیل .. کتاب کا پورا متن ہوا اور اسرار .. کتاب کا مفہوم ہوا -

 اجمال کے معلمین گروہ جبرائیل جیسے مقرب فرشتے ہیں - تفصیل حضور صلّ الله علیہ وسلّم خود پڑھاتے ہیں اور اسرار الله تعالیٰ - اجمال خلاصہ ہے اور تفصیل اور اسرار تعلیمات ہیں - 

علم لدنی میں الله تعالیٰ جس بندے کو خود ہی منتخب کرکے اسے جو چاہیں تعلیم کردیں -  نظریہ رنگ و نور روحانی علوم کا خلاصہ نہیں ہے .. یہ خلاصے اور تفصیل کے بین بین ہے -

قلندر بابا اولیاؒء نے اسرار کو مغیبات اکوان کا نام دیا ہے ، یعنی غیب کے سسٹم کا خلاصہ .. سمری ہوا ، تفصیل Details  کو کہہ لیں تو اسرار کسی سسٹم کے پیچھے کام کرنے والی مقصدیت ہی قرار پاتی ہے -

حضور قلندر بابا اولیاؒء نے مجھ سے کہا تھا کہ آپ کی تعلیمات ساٹھ سال کی عمر میں شروع ہوں گی -حضور قلندر بابا اولیاؒء کی اپنی تعلیمات ساڑھے تین سال میں مکمل ہوگئی تھیں "...BMMK

 -


Thursday, November 7, 2013

علمی سرمایہ




علمی سرمایہ



        سلسلہ عظیمیہ کے پیغام کو عوام الناس میں زیادہ سے زیادہ متعارف کرانے کے لئے آپ نے اپنے مرشد  قلندر  بابا اولیاؒء  کی  زیر سرپرستی ان کی زندگی میں اور بعد از وصال دونوں ادوار میں نہایت سرگرم کردار ادا کیا ... اس دوران آپ نے اپنے قلم کو خوب استعمال کیا .. اخبارات و رسائل میں کالم و مضامین تحریر کئے ... ایک ماہنامہ رسالہ روحانی ڈائجسٹ کا اجراء کیا ... پمفلٹس لکھے کتابیں تحریر کیں -

            تصوف اور روحانی علوم کا فروغ سلسلہ عظیمیہ کی تعلیمات کا تعارف ، ان تعلیمات کی تفہیم اور تدریس ، اسلامیات ، علاج معالجہ اور دیگر موضوعات پر تصنیف و تالیف کا ایک بہت بڑا ذخیرہ ہے جو  خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب  کے قلم سے نکل کر خواص و عوام کے استفادہ کے لئے عام ہے -

          ان کی تحریر کردہ کتابوں کی تعداد پینتیس سے زائد ہے .. ان میں کئی کتابوں کے انگریزی ، عربی ، فارسی ، روسی ، تھائی ، اور سندھی زبانوں میں تراجم شایع ہوچکے ہیں - آپ نے ساٹھ سے زائد کتابچے تحریر کئے ... ان کے علاوہ مختلف موضوعات پر بارہ کتابوں کے پیش لفظ تحریر کئے -

         آپ کی تین کتب کے انگریزی تراجم برطانیہ کی سالفورڈ یونیورسٹی برمنگھم کے Department of Rehabilitation    میں گریجویشن اور ماسٹرز ڈگری کے نصاب میں شامل ہیں - 
کتاب احسان و تصوف بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے شعبہ علوم اسلامیہ کے ماسٹرز ڈگری کے نصاب میں شامل ہے -

Saturday, November 2, 2013

روحانی تربیت



روحانی تربیت


 حضرت سید محمّد عظیم برخیا کے در معرفت سے وابستہ ہونے کے بعد شمس الدین انصاری کی  روحانی و صوفیانہ تعلیم و تربیت کا آغاز ہوا - آپ نے اپنے استاد کی خدمت میں 16 سال تک  رہ کر روحانی علوم حاصل کئے -




قلندر بابا اولیاء نے روحانیت سے شغف رکھنے والے اپنے تمام مریدین  کی تعلیم و تربیت فرمائی ... تا ہم اپنے مرید  شمس الدین انصاری کی روحانی تربیت پر بہت زیادہ توجہ دی اس دوران قلندر بابا اولیاء نے انہیں خواجہ کا لقب بھی عطا فرمایا -

چانچہ سلسلہ عظیمیہ کے ارکان نے انہیں خواجہ صاحب کہنا شروع کردیا ..  خواجہ شمس الدین عظیمی کو اپنی روحانی نسبت پر بہت زیادہ فخر ہے .. اس فخر کا اظہار انہوں نے اپنے نام کے ساتھ عظیمی لکھ کر بھی کیا ہے -

 1969ء میں روزنامہ حریت کراچی میں روحانی علوم اور تصوف کے حوالہ سے خدمت خلق کے لئے ایک ہفتہ وار کالم بعنوان روحانی علاج کی اشاعت کا آغاز ہوا - اس کالم میں بھی آپ نے اپنا نام  خواجہ شمس الدین عظیمی ہی لکھا - اس طرح حضور قلندر بابا اولیاؒء  کے اس عاشق صادق کو لوگ  خواجہ شمس الدین عظیمی کے نام سے جاننے اور پکارنے لگے -

سلسلہ عظیمیہ کے بانی و مرشد حضرت  قلندر بابا اولیاؒء 27 جنوری 1979ء کو واصل بحق ہوئے - آپ کے انتقال کے بعد  سلسلہ عظیمیہ کی سربراہی کا مرتبہ آپ کے خصوصی تربیت یافتہ روحانی فرزند  خواجہ شمس الدین عظیمی کو ملا -

Thursday, October 31, 2013

حالات زندگی




مختصر حالات زندگی    


  خواجہ شمس الدین عظیمی کے والد ماجد کا نام حاجی انیس احمد انصاری اور والدہ ماجدہ کا نام امت الرحمن ہے - آپ کی پیدائش بروز پیر مورخہ 17 اکتوبر 1927ء مطابق 1346ھ بمقام قصبہ انبیٹھہ ضلع سہارنپور( یو- پی )  بھارت میں ہوئی-  سلسلہ نسب میزبان رسول صلّ الله علیہ وسلّم  حضرت خالد ابو ایوب انصاریؓ سے ملتا ہے -

 آپ کے آباؤ اجداد میں سے ایک صاحب حضرت خواجہ مبارک انصاری جو صوبہ ہرات افغانستان کے مشہور صوفی بزرگ خواجہ عبدللہ انصارؒی ( پیر ہرات ) کی اولاد میں سے تھے ... ہجرت کرکے ہندوستان آئے تھے .. خواجہ شمس الدین انصاری انہی خواجہ مبارک انصاری صاحب کی اولاد میں سے ہیں -  

 حضرت رشید احمد گنگوہؒی کے خلیفہ مجاز شیخ الحدیث حضرت مولانا خلیل احمد سہارنپورؒی نے آپ کے والد جناب انیس احمد انصاری کے بچپن میں یتیم ہوجانے کے بعد ان کی پرورش فرمائی آپ ان کے پھوپھا تھے - جناب انیس احمد انصاری حضرت مولانا خلیل احمد سہارنپوریؒ سے بیعت بھی تھے اس حوالے سے بھی آپ جناب الشیخ عظیمی صاحب کے دادا ہیں -

شمس الدین انصاری صاحب کا بچپن سہارنپور میں ہی گزرا - آپ بچپن میں اپنی دادی جان سے بہت قریب تھے - اس دور کا مختصر تذکرہ انہوں نے اپنی کتاب آواز دوست میں اس طرح کیا ہے :

  میں نے شعور کے زینے پر پہلا قدم رکھا تو یہ دیکھا کہ دادی اماں کی گود میں ہوں اور دادی اماں الله کے کلام کے ورد میں مگن ہیں - یہ بھی دیکھا کہ رات کو سونے سے پہلے کلمہ شہادت پڑھوایا جارہا ہے اور صبح بیدار ہونے کے وقت لازم تھا کہ آنکھ کھلتے ہی کلمہ طیبہ پڑھا جائے -

 دادی اماں کہانیاں بھی سناتی تھیں .. ہر کہانی کا ایک ہی مفہوم ہوتا تھا کہ ہمارا تمہارا خدا بادشاہ ، خدا کا بنایا رسول بادشاہ - الله نے اپنے رسول کے پاس فرشتہ بھیجا -
 میں نے  پوچھا اماں فرشتہ کیا ہوتا ہے ؟
 بیٹا فرشتہ بھی ہماری طرح الله کی بنائی ہوئی مخلوق ہے -                 اماں آپ نے فرشتہ دیکھا ہے ؟
 نہیں لیکن سنا ہے کہ وہ جگمگ کرتی روشنیوں سے بنا ہوتا ہے .. جب وہ اڑتا ہے تو اس کے پروں میں سے چاند ، سورج اور ستاروں کی طرح روشنیاں نکلتی ہیں -

اماں آپ نے ہمارے حضورصلّ الله علیہ وسلّم   کو دیکھا ہے ؟ 
ہاں بیٹے دیکھا ہے ...ایک بار-
 اماں ہمارے حضور صلّ الله علیہ وسلّم کیسے ہیں ؟
بیٹے چاند کی طرح ہیں - اتنے خوبصورت کے بس الله ہی جانے -

بچے کی تربیت کا پہلا گہوارہ اس کا گھر ہوتا ہے .. بچہ جو سنتا ہے وہی بولتا ہے .. جو دیکھتا ہے وہی اس کا علم بن جاتا ہے - دادی اماں کی قربت نے شمس الدین انصاری کی ابتدائی ذہنی تربیت میں اہم کردار ادا کیا -

تقسیم ہند سے قبل کے دور میں اسکول کالج کی تعلیم عام نہیں ہوئی تھی - ابتدائی تعلیم عموما گھروں پر دی جاتی تھی یا پھر دینی مدارس مسلمانوں میں حصول تعلیم کا ایک اہم ذریعہ تھے -
  شمس الدین انصاری کی ابتدائی تعلیم جس میں اردو اور فارسی کی تعلیم شامل تھی گھر پر ہی ہوئی - آپ کی بڑے بھائی مولانا محمّد ادریس انصاری اردو اور فارسی میں آپ کے استاد بنے - قرآن پاک ناظرہ پڑھنے اور حفظ کرنے کے لئے آپ کو مدرسہ بھیجا گیا - آپ نے بارہ (12) سال کی عمر میں قرآن پاک حفظ کرلیا -

آپ نے منشی فاضل کے امتحان کی تیاری کی لیکن ایک مرتبہ قیام پاکستان سے قبل اور ایک مرتبہ قیام پاکستان کے بعد امتحان فارم بھیج دینے کے باوجود کسی نہ کسی وجہ سے امتحان میں شریک نہ ہو سکے -

 اپنی نوجوانی کے ایام میں آپ سہارنپور سے دہلی آگئے -  یہاں حکیم امتیاز الدین کی طبابت کا بہت چرچا تھا .. دہلی میں آپ نے حکیم امتیاز الدین کی شاگردی اختیار کی اور ان سے دواسازی اور نسخہ نویسی سیکھی -

 شمس الدین انصاری کے بڑے بھائی محمّد ادریس انصاری نے دہلی سے ایک رسالہ آفتاب نبوت جاری کیا اور اپنے چھوٹے بھائی  شمس الدین انصاری کو اپنی معاونت کے لئے کہا - چنانچہ آپ رسالہ آفتاب نبوت سے منسلک ہوگئے .. اس دوران آپ نے رسالہ کے منتظم اور معاون مدیر کے فرائض انجام دیئے -1946ء کے آخر میں روزنامہ" خلافت" بمبئی اور مولانا اختر علی خان کے اخبار "زمیندار" میں قیام پاکستان کے  حق میں مضامین لکھے -

 شمس الدین انصاری دور شباب (بیس سال کی عمر ) میں تھے کہ تقسیم ہند عمل میں آئی -ان دنوں آپ پٹیالہ میں مقیم تھے - شمس الدین انصاری پٹیالہ بھارت سے ہجرت کر کے لاہور آگئے اور وہاں سے ریاست بہاولپور کے شہر صادق آباد ..... یہاں پہنچے تو کئی دن کے بھوکے پیاسے تھے اور پیروں میں جوتے بھی نہ تھے -

 پاکستان میں آپ کے ابتدائی دن بہت سخت حالات میں گزرے -صادق آباد میں کاروبار شروع کیا لیکن وہاں آپ کا دل نہ لگا اور بہتر مستقبل کے لئے کراچی آگئے - کراچی آکر حکیم محمّد سعید کے قائم کردہ ہمدرد دواخانہ کے شعبہ تشخیص و تجویز میں ملازمت اختیار کی -کچھ عرصہ بعد کراچی میں اپنے ذاتی کاروبار کا آغاز کیا -

کراچی میں ایک دن شمس الدین انصاری  کسی دوست سے ملاقات کے لئے روزنامہ ڈان کے دفتر گئے تو وہاں پر محمّد عظیم صاحب( حضور قلندر بابا اولیاؒء) سے ملاقات ہوگئی - بغیر کسی پیشگی تعارف کے پہلی ملاقات کے باوجود محمّد عظیم صاحب ان سے بہت خوش اخلاقی سے پیش آئے اور چائے کی پیشکش بھی کی - محمّد عظیم صاحب کے حسن سلوک سے  شمس الدین انصاری بہت متاثر ہوئے -

 پھر ان دونوں حضرات کے درمیان ربط ضبط بڑھتا چلا گیا -اس دوران انصاری صاحب کو محمّد عظیم صاحب کے روحانی مقام و مرتبہ کا اندازہ ہوا -کچھ عرصے بعد  شمس الدین انصاری باقاعدہ  محمّد عظیم صاحب ( حضور قلندر بابا اولیاؒء) کی روحانی شاگردی میں آگئے -

مزید تفصیلات کے لئے کتاب  " تذکرہ خواجہ شمس الدین عظیمی " مرتبہ  شہزاد احمد  کا مطالعہ کریں -- 

Monday, October 28, 2013

اسم گرامی

  

 شمس الدین انصاری :
 آپ کی پیدائش کے بعد آپ کے والدین نے آپ کا نام شمس الدین انصاری رکھا - میزبان رسول صلّ الله علیہ وسلّم   حضرت خالد ابو ایوب انصاریؓ  سے نسبی تعلق کی بناء پر آپ انصاری کہلائے جاتے ہیں -

عظیمی :
  آپ نے اپنے مرشد حضرت سید محمّد عظیم برخیا حضور قلندر بابا اولیاؒء کے ساتھ اپنی نسبت کے اظہار کے لئے اپنے نام کے ساتھ عظیمی لکھنا اور کہلوانا شروع کیا -

خواجہ صاحب :
 آپ کے مرشد کریم حضور قلندر بابا اولیاؒء نے آپ کو خواجہ صاحب کا لقب عطا کیا -

احمد :
دربار رسالت  صلّ الله علیہ وسلّم میں آپ احمد کے نام سے مخاطب کئے جاتے ہیں -

عظیمی صاحب ،الشیخ عظیمی :
  عوام و خواص میں آپ عظیمی صاحب اور الشیخ عظیمی کے نام سے پکارے جاتے ہیں -

حضور ابّا جی ،حضور بابا جی :
 سلسلہ عظیمیہ سے وابستہ افراد آپ کو حضور ابّا جی ،حضور بابا جی کے القاب سے پکارتے ہیں -

Friday, October 25, 2013

پیش لفظ



 یا حی        بسم الله الرحمن الرحیم              یا قیوم 





   جب کچھ نہ تھا تو الله تھا .. اس واحد اور یکتا ذات نے چاہا کہ کوئی اسے جانے کوئی اسے پہچانے .. کوئی اس کی ربوبیت کا اقرار کرے .. کوئی اس کی عظمت کا اعتراف کرے .. کوئی اس کی بڑائی کو تسلیم کرے اور اس کی خالقیت اور اس کی صناعی کا اظہار ہو - اس عظیم ہستی نے تخلیق کا ارادہ کیا اور جو کچھ ذات اکبر کے ارادہ میں تھا اس کو عملی جامہ پہنایا اور جیسے ہی   کن .... فیکون    ہوا ساری کائنات وجود میں آگئی - 

کائنات کی تمام دوسری نوعوں کے ساتھ انسان بھی وجود میں آگیا - انسان دنیا میں آیا .. یہاں اس کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا .. تعداد میں اضافے کے ساتھ آبادیاں بننے لگیں بے شمار مسائل پیدا ہوئے - سکون بے سکونی میں تبدیل ہوا .. یقین ٹوٹنے لگا .. ذات اکبر کو انسان پر رحم آیا ...  ہدایت کا سلسلہ جاری ہوگیا اور انبیاء بھیجے جانے لگے ..  یہاں تک کہ آخری نبی   حضرت محمّد مصطفیٰ صلی الله علیہ وآ له وسلّم   تشریف لائے اور نبوت کا سلسلہ  ختم ہوگیا -

 لیکن رہنمائی کا سلسلہ جاری رہا - نبی مکرم صلّ الله علیہ وسلّم   کے وارث علماء ... اولیاء الله انسانوں کی رہنمائی کرتے رہے - قدرت کی فیاضی اپنا فیض جاری رکھنے کے لئے ایسے بندے منتخب کرتی ہے جو بندوں کو دنیا کی حقیقت سے روشناس کراتے ہیں -


ﷲ تعا لیٰ اپنا پیغام پہنچانے کے لئے چراغ سے چراغ جلاتے ہیں - معرفت کی مشعل ایک ہاتھ سے دوسرے ہاتھ میں پہنچتی رہتی ہے .. تمام روحانی لوگ قدرت کے وہ ہاتھ ہیں جو یہ مشعل لے کر چلتے ہیں .. اس روشنی سے وہ لوگ اپنی ذات کو بھی روشن رکھتے ہیں اور دوسروں کو بھی یہ روشنی پہنچاتے ہیں --





یہ تذکرہ ہے الله کے دوست ...حضور قلندر بابا اولیاؒء کے منظور نظر اور شاگرد رشید ... روحانی اسکالر حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کا ...  آپ خانوادہ سلسلہ عظیمیہ ہیں اور حضور قلندر بابا اولیاؒء کے بعد آپ ہی سربراہ سلسلہ عظیمیہ ہیں --